حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکز القرآن سکردو بلتستان میں "تقریبِ تجلیل و تکریمِ سفیرانِ قرآن" کے عنوان سے ایک پُروقار پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا بنیادی مقصد اُن حفاظِ کرام کی حوصلہ افزائی اور خدمات کا اعتراف کرنا تھا جنہوں نے ماہِ مبارک ربیع الاول میں جشنِ صادقینؑ کی مناسبت سے بلتستان کے تعلیمی اداروں و دیگر مقامات پر ترویج و اشاعتِ قرآنِ کریم کے سلسلے میں 27 سے زائد پروگراموں کا انعقاد کیا۔

اس موقع پر اُن حفاظِ کرام کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی جنہوں نے کوئز پروگرام "نورِ معرفت" میں بھرپور شرکت کی اور نمایاں پوزیشن حاصل کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز مرکز القرآن کے استاد قاری سید محمد رضا نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا؛ بعد ازاں حافظ حسنین عباس نے بارگاہِ رسالت مآب و اہلِ بیتؑ میں خوبصورت منقبت پیش کی۔

تقریب میں معزز علمائے کرام مولانا سید سجاد حسین اطہر، مولانا شیخ ذوالفقار انصاری اور شیخ رضا قمبر نے خصوصی شرکت کی اور اپنے اپنے خطاب کے ذریعے طلابِ کرام کے قلوب کو نورِ معرفت سے منور کیا۔

علمائے کرام نے قرآنِ کریم سے وابستگی، اس کی تعلیم و ترویج اور دینی ذمہ داریوں کے حوالے سے نہایت اہم گفتگو کی۔

پروگرام کے اختتام پر اُن حفاظِ کرام میں انعامات اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں جن کی خدمات اور نمایاں کارکردگی کے اعتراف اور حوصلہ افزائی کے لیے اس بابرکت تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔
یہ تقریب قرآنِ کریم سے محبت، اس کی ترویج و اشاعت اور دینی خدمات انجام دینے والے نوجوان حفاظِ کرام کے عزم و حوصلے کو مزید تقویت دینے کا ایک خوبصورت موقع ثابت ہوئی۔









آپ کا تبصرہ